بھوپال، 14؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ارون یادو نے شوریہ یادگاری کے اجراء کیلئے آج بھوپال سفر پر آ ئے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم مدھیہ پردیش کے سرخیوں میں چھائے ویاپم گھوٹالے پر بھی کچھ لفظ کہیں۔یادو نے وزیر اعظم کو لکھے ایک خط میں کہا کہ آج آپ بھوپال کی اریرا پہاڑی پر شوریہ یادگار وقف کرنے والے ہیں۔ہندوستان کے بے خوف فوجیوں کی بہادری کو ہم سب سلام کرتے ہیں،شوریہ یادگار کے ٹھیک سامنے ویاپم بھون ہے،سنا ہے آپ کی نظروں کے سامنے ویاپم نہ نظر آئے تو پردے لگائے جا رہے ہیں۔انہوں نے خط میں کہا کہ امید ہے آپ ویاپم کے سامنے کھڑے ہو کر ان دو درجن معصوم شہریوں پر بھی بولیں گے جو ویاپم سانحہ کے دوران مارے گئے،ان لاکھوں نوجوانوں پر بولیں گے جن کا مستقبل برباد ہو گیا،آج تک سی بی آئی اس کی جانچ ہی کر رہی ہے۔یادو نے مزید کہا کہ مجھے مکمل یقین ہے کہ وزیر اعظم ہونے کے ناطے آپ کی روح یقیناًویاپم میں مدھیہ پردیش کے کروڑوں نوجوانوں کے ساتھ ہوئے دھوکے اور مستقبل سے کھلواڑ کے سلسلے میں تڑپ رہی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے لاکھوں نوجوان آپ سے امید کرتے ہیں کہ آپ بھوپال سفر کے دوران ویاپم، غذائی قلت اور ہسپتالوں پر بھی دو لفظ کہیں گے۔